این اے122میں واٹر پلانٹس کی تنصیب کو سپیکرکی ایماء پر روکا جا رہا ہے،شعیب صدیقی

این اے122میں واٹر پلانٹس کی تنصیب کو سپیکرکی ایماء پر روکا جا رہا ہے،شعیب ...

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ این اے122اور پی پی147کے مختلف علاقوں میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ایماء پر روکا جا رہا ہے۔مختلف یونین کونسلوں میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والے فلاحی کاموں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں اور ان علاقوں سے گذشتہ16برسوں سے منتخب ہونے والے ایاز صادق خود سب سے بڑی رکاوٹ ہیں شعیب صدیقی نے کہا کہ اپنی ہار اور جیت سے قطع نظر عبدالعلیم خان اس حلقے کی عوام کو بلا امتیاز سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے اپنی جیب سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور ایاز صادق کی گلی میں بھی اسی فاؤنڈیشن نے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے اور مقامی انتظامیہ سیاسی پشت پناہی پر نئی سے نئی رکاوٹ کھڑی کر رہی ہے جس پر عوام سراپا احتجا ج ہیں لوگوں پر نواز لیگ کی اصلیت کھل کر سامنے آگئی ہے اسی لیے ایاز صادق کو اب ہر مہینے این اے122کا دورہ کرنے کی فکر لاحق رہتی ہے شعیب صدیقی نے کہا کہ وہ پنجاب اسمبلی میں ان اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے میڈیاکو دعوت دیتا ہوں کہ وہ خود این اے122کا دورہ کریں اور وہاں کے عوام سے حقائق معلوم کریں انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے علاوہ میاں میر ہسپتال اور جمیلہ آباد سیوریج منصوبے کو مکمل طور پر فنکشنل نہ کرنے میں بھی نواز لیگ کی پشت پناہی ہے کیونکہ ان منصوبوں پر عبدالعلیم خان کی تختی لگی ہوئی ہے شعیب صدیقی نے کہا کہ شو باز وزیر اعلیٰ کے دور میں عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں کو بھی ترس رہے ہیں جبکہ حکمران بڑی ڈھٹائی کے ساتھ اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کی وکالت میں مصروف ہیں تا کہ انہیں زیادہ سے زیادہ کمیشن مل سکے انہوں نے کہا کہ این اے122میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کو ہر حال میں مکمل کیا جائے گا جس سے کسی سیاسی تفریق کے بغیر عوام مستفید ہوں گے اور عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن اس کے بعد فری ڈسپنسریوں کے قیام پر بھی کام کا جلد آغاز کر دے گی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -