معاشی استحکام کیلئے حکومتی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے‘ راجہ وسیم حسن

معاشی استحکام کیلئے حکومتی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے‘ راجہ وسیم ...

  

لاہور ( کامرس رپورٹر)تاجر رہنما وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار) لاہور کے نائب صدرراجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کیلئے حکومتی پالیسیوں کا از سر نوجائزہ لیا جائے اور ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے تجارتی پالیسی میں مختص فنڈز کو استعمال میں لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اشیاء کی صرف 50ملکوں میں برآمدات جاری ہیں جبکہ اس کے لیے دیگر ممالک میں پاکستانی برآمدا ت زیر و ہیں اس لیے عالمی مارکیٹ تک رسائی ممکن بنائی جائے تاکہ بیرونی ترسیلات میں کمی سے تجارتی عدم توازن سے پیدا ہونے والے مسائل پر بروقت قابو پایا جاسکے۔

راجہ وسیم حسن نے کہا کہ ملک میں نئے انڈسٹریل زونز کا قیام اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مفت اراضی کی فراہمی سے ملک کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور ملک کے اندر پیداواری اشیاء کو سی پیک کی تکمیل کے بعد بیرون ملک ارسال کرکے ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کو ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہونگے جس سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا انہوں نے کہا کہ تجارتی پالیسی میں مختص رقم کو بیرون ملک ملکی اشیاء کی نمائش اور نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے استعمال کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو۔

مزید :

کامرس -