ملکی برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارے میں اضافے کا رحجان برقرار

ملکی برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارے میں اضافے کا رحجان برقرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) ملکی برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارے میں اضافے کا رحجان برقرار ہے اور رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارہ 30 فیصد اضافے کے بعد 7 ارب ڈالر سے بھی بڑھ چکا ہے۔ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملکی برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ستمبر 2016 کے دوران ستمبر 2015 کے مقابلے میں ملکی برآمدات میں 10.6 فیصد کی ریکارڈ کمی ہوئی۔رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران اب تک ملکی برآمدات میں 9 فیصد تک کمی ہوچکی ہے۔رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران برآمدات 4 ارب 68 کروڑ ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 5 ارب 14 کروڑ ڈالر سے زائد تھیں۔جولائی تا ستمبر کے دوران درآمدات پونے گیارہ فیصد اضافے کے بعد 11 ارب 75 کروڑ ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 10 ارب 90 کروڑ ڈالر تھیں۔رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران تجارتی خسارہ 30 فیصد اضافے کے بعد 7 ارب ڈالر سے بھی بڑھ گیا ہے جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 5 ارب 47 کروڑ ڈالر تھا۔گذشتہ ماہ اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے مختلف اقدامات کے لیے 6 ارب روپے کے فنڈز کے اجرا کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا ہے کیونکہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران برآمدات میں 8 اعشاریہ 19 فیصد کمی کے باوجود وزارت خزانہ کی جانب سے کوئی فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔

مزید :

کامرس -