کشمیریوں پر بھارتی مظالم، امریکہ کی پاکستانی دستاویزات پر غور کی یقین دہانی
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ دستاویز پر غورکی یقین دہانی کرائی ہے، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سالانہ رپورٹ کی تیاری میں دیکھیں گے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کہاں کہاں ہوئیں۔واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے اعلان کیا کہ امریکہ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کا جائزہ لے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نوازشر یف کی جانب سے مشاہد حسین سید اور شذرہ منصب علی پر مشتمل وفد نے امریکی حکام اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں سے ملاقاتیں تھیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے دستاویز ثبوت بھی حوالے کئے تھے۔ایک سوال پر امریکی ترجمان نے حافظ سعید کے معاملے پر تبصرے سے انکار کیا تاہم انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت باہمی تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔