حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، اسد قیصر

حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، اسد قیصر

  

صوابی(بیورورپورٹ)سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ سالانہ بجٹ کا 28فیصد تعلیم کے لئے مختص کرنا موجودہ صوبائی حکومت کی تعلیم کے ترقی کے لئے سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز موضع کوٹھا ضلع صوابی میں زیر تعمیر گورنمنٹ ڈگری کالج کوٹھا صوابی کے اچانک دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر محکمہ مواصلات وتعمیرات، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے حکام بھی ان کے ہمرا ہ تھے حکام نے سپیکر اسمبلی کو ڈگری کالج کے تعمیراتی کام پراب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر حکومتی ترجیحات کے مطابق بھر پور کام جاری ہے اور آئندہ سال اس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔ سپیکراسد قیصر نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کالج کی تعمیرکے سلسلے میں کوئی بھی مالی یا انتظامی رکاوٹ پیش نہیں آنے چاہیئے اور کالج کی جلد تعمیرکو ہر حال میں ممکن بنایا جائیں ۔اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ،تعلیم اور صحت موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعلیم کے شعبے پر توجہ نہ دینے سے آج ہم کئی ایک مسائل سے دو چار ہیں۔ حکومت ابتدائی وثانوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔تاکہ میٹرک کے بعد اعلیٰ تعلیم کے سہولیا ت سے فقدان کے باعث تعلیمی سلسلہ ادھورا چھوڑنے والے بچوں کو مواقع فراہم کئے جاسکیں تاکہ وہ بھی مزید تعلیم حاصل کرکے معاشرے کی تعمیروترقی میں اپنا بھر پور کر دار ادا کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے کالجوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ موجودہ کالجوں کو بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور فنڈز مختص کئے گئے ہیں

مزید :

پشاورصفحہ آخر -