خیبر ایجنسی ،پانی کا مسئلہ حل نہ ہونے پر عوام سراپا احتجاج

خیبر ایجنسی ،پانی کا مسئلہ حل نہ ہونے پر عوام سراپا احتجاج

  

خیبرایجنسی (بیورورپورٹ)جمرود ملاگوری کے علاقہ لوڑہ مینہ میں پانی کا مسئلہ حل نہ ہونے کے خلاف عوام احتجاجی مظاہرہ، پارلیمنٹرین اور پبلک ہیلتھ کے خلاف شدید نعرہ بازی۔ علاقے میں لوگوں کوپینے کیلئے پانی میسر نہیں ہے۔ کئی بار وعدے کئے گئے مگر پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا ہے۔ سبز علی ملاگوری تفصیلات کے مطابق ملاگوری کے علاقے لوڑہ مینہ میں درجنوں افراد نے علاقے میں پینے کے پانی کے مسئلے کے حل نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کی قیادت جماعت اسلامی ملاگوری کے ناظم صوبیدار (ر)سبز علی ملاگوری کر رہے تھے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈز اُٹھائے رکھے ہوئے تھے جن پرہمیں پانی دو، وعدے نہیں ، پانی چاہئے وغیرہ کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دور جدید میں بھی لوڑہ مینہ کے عوام دور دراز کے علاقوں سے سروں پر پانے لانے پر مجبورہیں اور محکمہ پبلک ہیلتھ اورمقامی ایم۔این۔اے الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کئی بار لوڑہ مینہ و دیگر علاقوں کو گھرگھر تک پانی پہنچانے کے وعدے کئے مگر بد قسمتی سے تاحال اُن وعدوں پر کوئی عمل در آمد نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے ملاگوری کے عوام میں شدید بے چینی پائی جار ہی ہیں اور مقامی لوگ پانی کی ایک بوند کو ترس گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوڑہ مینہ میں پانی کی سطح نیچے ہو جانے کی وجہ سے لوگ پینے کیلئے پانی کے حصول کو تر س رہے ہیں اور مقامی پارلیمنٹرین نے تین سال سے زائدکی عرصہ گذرنے کے باوجود بھی اس سنگین مسئلے کی طرف توجہ نہیں کیا ہے ۔جس سے ان پارلیمنٹرینز کی کارکردگی و دعوے عیاں ہوتے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ الحاج شاہ جی گل آفریدی نے بھی کئی بار اس مسئلے کے حل کے اعلانات کئے ہیں مگر تاحال لوڑہ مینہ کے عوام سروں، گاڑیوں پر پانی لانے پر مجبور ہیں اور مقامی لوگ پانی کے حصول کیلئے ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے حکام بالا سے اپیل کہ وہ لوڑہ مینہ کے عوام کو پانی جیسے بنیادی سہولت کے مسئلے کو فوری طور پر حل کریں اور اگر یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیاتو احتجاجی مظاہروں کا یہ سلسلہ مسئلے کے حل ہونے تک جاری رہے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -