پی ایچ ڈی الاؤنس 10 ہزار روپے تک بڑھا دیا ،مظفر سید

پی ایچ ڈی الاؤنس 10 ہزار روپے تک بڑھا دیا ،مظفر سید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے اساتذہ کی عظمت و محنت کو سلام پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہماری حکومت نے برسراقتدار آتے ہی تعلیمی ایمرجنسی لگانے کے ساتھ ساتھ پی ایچ ڈی الاؤنس دو ہزار روپے سے یکدم دس ہزار روپے تک بڑھایا تاکہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق سے رغبت کے علاوہ اساتذہ اور نوجوانوں کا علمی،تحقیقی و تخلیقی ذوق اور جذبہ بیدار کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجوں کے باعث آج حکومت کے ساتھ ساتھ اساتذہ پر بھی اضافی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں تاکہ وہ شبانہ روش محنت کرکے نئی نسل کو ان سے نمٹنے کیلئے تیار کر سکیں وہ گورنمنٹ اسامہ ظفر شہید سینیٹینئل ماڈل سکول پشاور میں سلام ٹیچرز ڈے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام تنظیم اساتذہ پاکستان نے کیا تھا اس موقع پر انہوں نے پشاور کے بہترین تعلیمی نتائج کے حامل ا ساتذہ میں تنظیم کی جانب سے میڈلز اور اسناد بھی تقسیم کیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن فرید خٹک، پشاور تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر امتحانات حمید اللہ جان مروت، سکول کے پرنسپل اسلام الدین و دیگر حکام کے علاوہ تنظیم کے مرکزی رہنما خیراللہ حواری، صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں ضیاء الرحمان، ضلعی صدر سکندر خان یوسفزئی، شعبہ متاثرین کے مرکزی ناظم حاجی مصباح الاسلام عابد، پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صوبائی نائب صدر فضل ا للہ داؤدزئی اوردیگر مقامی عہدیداروں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور تنظیم کی تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی نیز تعلیم و صحت سمیت مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا مظفر سید ایڈوکیٹ نے واضح کیا کہ ہم نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ و طلبہ کی حاضری بہتر بنانے اور گھوسٹ سکولوں کے خاتمے کے علاوہ سزا و جز اکی پالیسی اپنائی صوبے کی تاریخ میں پہلی وزیراعلیٰ ہاؤس میں حسن کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو ایوارڈ دئیے گئے جو ہر سال باقاعدگی سے دئیے جائیں گے ۔ہم نے تعلیم سمیت تمام اداروں میں سیاسی عدم مداخلت کا اصول اپنایا جس کے بہترین نتائج سامنے آئے وزیر خزانہ نے زبردست تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں پر تنظیم اساتذہ کے کردار کو سراہا انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی حکومت بنی تو یتیم و غریب کی کفالت اور تعلیم و صحت مکمل طور پر ریاست کی ذمہ داری ہوگی ہم اسلامی اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنائیں گے اور اگلے عام انتخابات میں عوام صحیح فیصلہ کرینگے انہوں نے طلبہ و اساتذہ کواگلے ہفتے اضاخیل نوشہرہ کے مسلم ایجوکیشن کمپلیکس میں منعقدہ دوروزہ اجتماع میں شرکت کی دعوت بھی دی مظفر سید ایڈوکیٹ نے سرکاری سکولوں میں درسی کتب کے مفت اجرا پر جماعت کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت نے نہ صرف یہ سنہری روایت برقرار رکھی اور انٹر تک مفت درسی کتب کا اہتمام کیا بلکہ یکساں نصاب تعلیم اور سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کا انقلابی قدم اٹھایا جس پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اب ہرپرائمری سکول میں دو نہیں بلکہ چھ کمرے اور چھ اساتذہ لازمی ہونگے اور پانی، لیٹرین، شمسی بجلی، پنکھوں اور کولر سمیت بنیادی سہولیات کا اہتمام ہو گاجس کا ماضی میں سوچا تک نہیں گیا وزیرخزانہ نے یقین دلایا کہ نئے بجٹ میں تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے علاوہ غریب طلبہ، اساتذہ اور دیگر محروم طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے نئے پیکیج دینے کی پوری کوشش کی جائے گی۔