16اکتوبر کی ریلی ،پارٹی میڈیا سیل سندھ میں اجلاس

16اکتوبر کی ریلی ،پارٹی میڈیا سیل سندھ میں اجلاس

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس سانحہ کارساز کے سلسلے میں 16اکتوبر اتوار کے روز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی کی تیاریوں اور میڈیا کوریج کے سلسلے میں میڈیا سیل سندھ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر سعید غنی، وقار مہدی اور غلام قادر نے خصوصی طور پر شرکت کی اور میڈیا کمیٹی کے اراکین لطیف مغل، ذوالفقار قائم خانی، میر عباس تالپور، علی شاد، شہباز اختر، احمد فہیم، آصف خان، ملک یوسف، سلیم سومرو، آصف خان، ایچ ایم گھانچی، ملک ضمیر اعوان اوروقاص شوکت نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16اکتوبر کی ریلی کی بھرپور کوریج کی جائے گی۔ ریلی کی کوریج کرنے والے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے اراکین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بہتر طریقے سے کوریج کر سکیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صحافیوں کو پریس کلب سے لانے کیلئے دو کوسٹر گاڑیاں صبح 9بجے پریس کلب پہنچ جائیں گی جو صحافیوں کو لے کر ریلی میں شامل ہونگی۔ الیکٹرانک میڈیا کے کیمرہ مین حضرات کیلئے ایک ٹرک کا بندوبست کیا گیا ہے جس پر کیمرہ مین ریلی کی کوریج کریں گے مذکورہ ٹرک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی کے آگے چلے گا۔ صحافیوں کی سہولت کیلئے میڈیا کمیٹی کے تمام اراکین صبح سے ہمہ وقت ریلی میں موجود ہوں گے ، صحافی حضرات کسی بھی وقت کسی بھی مسئلے پر میڈیا کمیٹی کے کسی بھی رکن سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ اول -