پی ٹی آئی کا اسلام آباد دھرنا فیصلہ کن ہوگا،ساجد قریشی

پی ٹی آئی کا اسلام آباد دھرنا فیصلہ کن ہوگا،ساجد قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عامر محمود کیانی اور سیکریٹری اطلاعات ساجد علی قریشی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بادشاہت و آمریت کے خلاف بالآخر ملک کی اعلی ترین عدلیہ بھی بول پڑی ہے . جب تک عوام کرپٹ جمہوریت کے روپ میں چھپے آمروں کے خلاف اٹھ کھڑے نہیں ہونگے اس وقت تک ملک کے حالات نہیں بدلیں گے . تحریک انصاف کی اسلام آباد کا دھرنا عوام کی کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اپنا فیصلہ سنانے کا سنہری اور آخری موقع فراہم کر رہا ہے . انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے دفتر واقع رحمن آباد میں کارکنوں اور عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی . انہو ں نے کہا کہ حکمران اپنے فائدے اور مرضی کے شعبوں میں دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ عوام بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں . حکمرانوں کی عوام دوستی کا اس سے بڑا بھلا کیا ثبوت ہوگا کہ ہر روز لاکھوں روپے اجلاسات پر خرچ کرنے کے باوجود ڈینگی بے قابو ہو رہا ہے اور عوام حالات کے رحم و کرم پر ہیں . سرکاری ہسپتالوں میں عوام سے جانوروں سے بھی بد تر سلوک کیا جاتا ہے . انہو ں نے کہا کہ ملک کے وسائل کو لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں اور کمپنیاں بنانے والے حکمران عوام کے مسائل سے بالکل لا تعلق ہو چکے ہیں اور اب عوام پر فرض عائد ہو چکا ہے کہ وہ اپنے خلاف ہونے والے حکمرانوں کے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں . انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا دھرنا حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا آخری موقع ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ چاروں صوبوں سے عوام کی بہت بڑی تعداد اس دھرنے میں شریک ہو کر پانامہ لیکس کا حساب لے گی اور کرپشن کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرکے ایک دور کا آغاز کرے گی .