دنیا بھر میں تدریس سب سے زیادہ مستند پیشہ ہے ،پروفیسر عنایت

دنیا بھر میں تدریس سب سے زیادہ مستند پیشہ ہے ،پروفیسر عنایت

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس FPCCI اور دی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں گورنمنٹ اسکولز، پرائیوٹ اسکولز ، اسپیشل اسکولز کی پرنسپل، وائس پرنسپل اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ساتھ ساتھ گورنمنٹ اور اسپیشل اسکولز نے اپنے اسکولز کے بارے میں پریزنٹیشن دی اور اپنی ٹیچرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ خطبہ استقبالیہ دی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر مس فرحانہ اقبال نے پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ FPCCI اور دی ایجوکیشن فاؤنڈیشن مل کر اساتذہ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے ہر سال یوم اساتذہ مناتے ہیں۔ اسی لئے سارا سال ٹیچرکی تربیت پر توجہ مرکوز رکھی جاتی ہے کیونکہ ایک اچھی ٹیچر ہی اچھے طالب علم مہیا کرسکتی ہے۔ مگر اب بھی استاد کی معاشرے میں اہمیت کو مزید اجاگر کرنا ضروری ہے۔ اساتذہ کا بھی فرض ہے کہ معاشرے کے سدھار میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ طلبہ کی تربیت والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کا بھی فرض ہے۔ فرحانہ اقبال نے مزید بتایا کہ دی ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ہمیشہ اساتذہ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ان کی کارکردگی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے لئے فری ٹریننگ کا اہتمام کیا ہے تاکہ طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ تقریب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کی استاد ڈاکٹر فاطمہ ڈار اور اقراء یونیورسٹی کی استاد ڈاکٹر زارا وہاب نے بھی خطاب کیا اور استاد کے ذریعے معاشرے میں ہونے والی تبدیلی پر روشنی ڈالی۔ مشہور سماجی شخصیت چیمبرآف کامرس کے سوشل سیکٹر کی متعدد ٹیموں کے روح رواں محمد صدیق شیخ نے اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اس میں میرے استادوں کی محنت شامل ہے۔ استاد ہونا بڑے اعزاز کی بات ہے کیونکہ یہ پیغمبری پیشہ ہے اس لئے اس پیشہ کی اہمیت دنیا بھر میں مسلّم ہے۔ دنیا بھر میں تدریس کو سب سے مستند، معتبر پیشہ مانا جاتا ہے اسی لئے وہاں اساتذہ کی سلیکشن جدید خطوط پر کی جاتی ہے۔ مہمانِ خصوصی پروفیسر عنایت علی خان نے اپنے شگفتہ انداز میں اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اشعار، واقعات سنائے جس کی وجہ سے محفل زعفران زار بن گئی۔ تقریب کے آخر میں تمام مقررین کو شیلڈ پیش کی گئی۔ تمام شرکاء محفل کو پھول پیش کئے گئے۔ تقریب کی نظامت سلیم مغل نے اپنے خوبصورت انداز میں کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -