وزیراعظم کے سی پیک پر کیے وعدوں پر عمل نہیں ہو رہا،اسفند یار

وزیراعظم کے سی پیک پر کیے وعدوں پر عمل نہیں ہو رہا،اسفند یار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نوشہرہ ( صباح نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اس وقت تلخیاں ختم کرنے کا وقت ہے مگر بدقسمتی سے تلخیاں بڑھ رہی ہیں۔ اندرونی اور بیرونی سازشوں سے نمٹنے کے لیے مل بیٹھ کر لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ نوشہرہ کے علاقے مانکی شریف میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ اقوام عالم میں پاکستان تنہا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ مشاورت پر زور دیا اور پالیسی بدلنے کی بات کی۔ اندرونی اور بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے اتفاق اور اتحاد سے لائحہ عمل طے کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تلخیاں ختم کرنے کا وقت ہے مگر بدقسمتی سے تلخیاں بڑھ رہی ہیں۔ سی پیک کے حوالے سے اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے بارے میں وزیراعظم نواز شریف نے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔ سی پیک کے حوالے سے مطالبات تسلیم ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ سی پیک کے بارے میں کسی بھی حکومتی وفد سے اس وقت تک بات چیت نہیں کریں گے،جب تک وزیراعظم میاں نواز شریف خود اے این پی کو سی پیک کے بارے میں مطمئن نہیں کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے مشروط ہے مگر خوشحال افغانستان کے لیے پر امن پاکستان بھی ضروری ہے پرامن پاکستان کے بغیر پرامن افغانستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں شامل کیا جا ئے۔فاٹا کی تقسیم پختونوں کی تقسیم ہے۔تبدیلی والوں نے پختونوں کو دھوکہ دیا ۔پرویز خٹک ماضی میں بھی کسی کے اشاروں پر سیاسی پارٹیاں تبدیل کرنے کا چیمپئن ہے۔پختونوں کو اکیلا کرنے کی سازش کو ناکام بنادیں گے،۔جلسہ عام سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر امیر حیدر خان ہوتی میاں افتخار حسین ،عوامی نیشنل پارٹی ضلع نوشہرہ کے صدر ملک جمعہ خان اور شاھد خٹک نے بھی خطاب کیا۔