ڈی ایچ اے اقرا ماڈل اسکول میں مقابلہ حفظ و قرات کا انعقاد

ڈی ایچ اے اقرا ماڈل اسکول میں مقابلہ حفظ و قرات کا انعقاد

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس اتھارٹی اقراء ماڈل ہائی اسکول فیز VIIIکے زیر اہتمام بین المدارس مقابلہ حفظ و قرات 2016کا انعقاد ڈی ایچ اے کالج فاروومن فیز8کے آڈیٹوریم میں ہوا۔ شہر کے 17 معروف تعلیمی اداروں کے 34طلباء نے مقابلے میں بھر پور عقیدت اور جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر، شعبہ علوم اسلامی فیڈرل اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد ثانی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرمحمدثانی نے کہا کہ قرآن پاک وہ الہامی کتاب ہے جو کائنات کے افضل ترین نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ پر نازل ہوئی جو بنی نو انسانوں کے لئے رُشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اُس کے معنوں کو سمجھنا اور قرآنی تعلیمات پر عمل کرنا ہر مسلمان کا شعار ہونا چاہیے ۔ پروفیسر ڈاکٹرمحمد ثانی نے مزید کہا کہ اسلام حصول علم کی جستجو کی تاکید کرتا ہے اور قرآن پاک فہم و تدبر کی دعوت دیتا ہے تاکہ انسان مسلسل ترقی کرے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام کی اصل روح اسکی تعلیمات کو حاصل کرنا اور اُن پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔ مقابلہ حفظ و قرآن میں حرا فاؤنڈیشن اسکول کی ہونہار طالبہ طیبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈیفنس اتھارٹی اقراء ماڈل اسکول ڈی ایچ اے فیز8کی عائشہ نثار نے دوسری اور سٹی اسکول درخشاں کیمپس کے عبدالرحمن نور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ حسن قرات میں ڈیفنس اتھارٹی اقراء ماڈل اسکول فیز8کے محمد اکرامہ نے پہلی ، ڈیفنس اتھارٹیSKBZکالج کے اُسامہ گل شیر نے دوسری اورڈیفنس اتھارٹی ماڈل ہائی اسکول فیز7 کے پیرزادہ شاہ جہاں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے کی مجموعی ٹرافی ڈیفنس اتھارٹی اقراء ماڈل اسکول فیز VIIIنے حاصل کرکے آل کراچی بین المدارس مقابلہ حفظ و قرات 2016جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈی ایچ اے بریگیڈیر (ر) محمد سردار نے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -