مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے153 معصوم کبوتروں کو ’’خطرناک پاکستانی جاسوس ‘‘ قرار دے کر سی آئی ڈی کے حوالے کر دیا
سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کرنے والے نہتے کشمیریوں کے جذبے سے مغلوب تو تھی ہی ،اَب اسے معصوم کبوتروں ‘‘ سے بھی خوف آنے لگا ہے ،نہتے کشمیریوں کو قید کرنے کے دوران اب 153معصوم کبوتروں کو بھی ’’دہشت گرد اور جاسوس‘‘ قرار دیتے ہوئے ’’اسیر‘‘ کر لیا ،مزید تفتیش کے لئے سی آئی ڈی کے حوالے ۔
بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج نے پلوامہ ضلع سے کنٹرول لائن کے اس پار پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو خفیہ معلومات کی فراہمی کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لئے گئے ’’153 جاسوس کبوتروں‘‘ کو مزید تفتیش کے لئے سی آئی ڈی کے حوالے کر دیا ہے ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنیل گپتا کا کہنا تھا کہ ان ’’پاکستانی جاسوس کبوتروں ‘‘کو پنجاب سرحد سے جڑے پلوامہ ضلع میں اسمگلنگ کر کے لایا گیا تھا ،ان کبوتروں کے جسم پر گلابی نشانات تھے اور انہیں مشتبہ رِنگ پہنائے گئے تھے ،’’جاسوس کبوتروں‘‘کو تحقیقات کے لئے سی آئی ڈی کے سپرد کر دیا گیا ہے ،اب وہی اس بارے میں حتمی رپورٹ جاری کریں گے ۔