پدماوت، راضی اور منٹو آسکر ایوارڈکی دوڑ سے باہر
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم پدماوت، عالیہ بھٹ کی فلم راضی اور نوازالدین صدیقی کی فلم منٹو آسکر کی ریس سے باہر ہوگئیں۔91 ویں اکیڈمی (آسکر) ایوارڈز 2019 کی غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے بالی ووڈ فلموں ’’پدماوت‘‘، ’’راضی‘‘، ’’منٹو‘‘، ’’ہچکی‘‘، ’’اکتوبر‘‘، ’’لوسونیا‘‘، ’’گلاب جامن‘‘، ’’پیہو‘‘،’’کڑوی ہوا‘‘، ’’پیڈمین‘‘ اور’’گلی گلیان‘‘ سمیت دیگر فلموں کے درمیان کڑا مقابلہ تھا، تاہم یہ مقابلہ بھارتی ریاست آسام کی ایک چھوٹے بجٹ کی فلم ’’ولیج راک اسٹار‘‘ نے جیت لیا جس کے بعد یہ فلم تمام فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آسکرایوارڈ 2019 کی نامزدگی کے لیے منتخب ہوگئی۔فلم ’’ولیج راک اسٹار‘‘کو آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ آسکر جیوری کے 12 ممبرز نے کیا، جیوری ممبر آننت مہادیون کا کہناتھا کہ انہیں اس فلم کو آسکر کے لیے نامزد کرنے پر بہت فخر محسوس ہورہا ہے۔واضح رہے کہ فلم ’’ولیج راک اسٹار‘‘ کی کہانی ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہنے والی بچی دھنو کے گرد گھومتی ہے جو گاؤں میں ناکافی سہولیات کی باوجود زندگی میں آگے بڑھتی ہے۔آسکرایوارڈ کا میلہ 24 فروری 2019 کوسجے گا۔