تاجررہنماؤں کا اعلیٰ سطحی وفد آج گورنر پنجاب سے ملاقات کریگا
لاہور ( کامرس رپورٹر) ملک بھر سے تعلق رکھنے والے 45 افراد پر مشتمل تاجر رہنماوٗں کااعلیٰ سطحی وفد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے (آج) پیر کو ملاقات کرے گا جس میں ملک کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اقتصادی بحران اور مشکلات سے نکالنے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات کرنے والے وفد کے قائد تاجر رہنما افتخار علی ملک نے اتوار کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفد میں سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، فیڈریشن کے سابق صدور بشمول میاں محمد ادریس، زبیر طفیل، عبدالرؤف عالم، غضنفر بلور، دارو خان اور بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے تاجر رہنما بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر خزانہ نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ تاجروں کو درپیش جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے تاجر رہنماؤں کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیز تر اقتصادی ترقی کے لئے فیصلہ سازی کے سلسلہ میں تاجروں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ حکومت پر زور دے گا کہ برآمدات اور معیشت کی بڑھوتری والی ایسی پالیسیاں شروع کی جائیں جن کا مقصد اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانا ہو اور ملک میں سبز انقلاب لانے کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو بھی فروغ ملے جس سے معاشرہ کے غریب طبقات کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کاروباری برادری ملک سے ہر قسم کی کرپشن خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہو کے خاتمہ کے لئے وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کرتی ہے