معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے تاجر رادری کو اعتماد میں لیا جائے‘ انجمن تاجران
لاہور ( کامرس رپورٹر)انجمن تاجران لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں سلیم نے کہا ہے کہ معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے تاجروں برادری سمیت تمام بزنس چیمبرز کو اعتماد میں لیا جائے ۔ عوام پر بے جا مہنگائی کا بوجھ بڑھانے کی بجائے بیورو کریسی ، اشرافیہ ،سیاستدانوں اور بڑے مگر مچھوں سے لوٹی ہوئی دولت وصول کی جائے۔میاں سلیم نے کہاکہ موجودہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غیر یقینی صورتحال کے باعث عوام اور بلخصوص تاجر برادری ، مپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز میں انتہائی مایوسی پائی جا رہی ہے ۔
لہذا وزیر اعظم پاکستان عمران خان ، وزیر خزانہ اسد عمر سمیت حکومتی اراکین سے مطالبہ کرتیں کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے معاشی واقتصادی پالیسیاں بناتے وقت ایسی پالیسیاں ہرگز نہ بنائی جائیں جس سے عوام میں حکومت بارے نفرت بڑھنے کا اندیشہ ہو ۔بلکہ پالیسی سازی کے مرحلے میں عوامی نمائندوں ،معاشی و اقتصادی ماہرین،اساتدہ، ڈاکٹرز،سول سوسائٹی اور تاجر برادری کے نمائندوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ، اور ایسی پالیسیوں کو ترتیب دیا جائے جو عوامی مفاد عامہ کی عکاس ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ بغیر کسی مبالغہ آرائی کے حکومت کی جانب سے اب تک جو بھی پیش رفت سامنے آئی ہے اس سے عوام اور تاجر برادری کے اندر مایوسی بڑھ رہی ہے ، انہوں نے کہاکہ حکومت غریب عوام پر مہنگائی اور ٹیکسوں کی شرح اور بوجھ کو کم کرے اور امیر اور صاحب حیثیت افراد سمیت پر تعیش زندگی گزارنے والوں پر ٹیکس لگائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر طرح کی غیر ضروری امپورٹ پر پابندی لگائی جائے یا ٹیکسوں کی شرح کو بڑھانے کے علاوہ مقامی انڈسٹری کیلئے سہولیات اور مراعات کا اعلان کیا جائے تاکہ مقامی مصنوعات کی برآمدات کو بڑھا کر ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے۔