پاکستان جلد کئی ممالک کیساتھ فری ٹریڈ معاہدے کرے گا،عبد الرزاق داؤد
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم کے مشیر بر ائے کامرس، ٹیکسٹائل انڈسٹری و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان جلد کئی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے کرے گا ٗ سعودی حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہے، گوادر میں آئل سٹی بھی بنائیگی۔ ایک انٹرویو میں عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان جلد کئی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے کرے گا، اس حوالے سے متعدد ممالک کے ساتھ بات چیت کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب حکومت کے وفد نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران یقین دہانی کرائی کہ سعودی حکومت گوادر میں آئل سٹی قائم کرنے اور پاکستان میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کیلئے پاکستانی مصنوعات کو موثر انداز میں بیرون ممالک میں فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔