گوادرمستقبل کا اقتصادی و کاروباری مرکز ، خطے کی ترقی کا ضامن،چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)ء چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے گوادر مستقبل کا اقتصادی اور کاروباری مرکز ہوگا اور اس سے نہ صر ف پاکستان بلکہ پورے خطے کی ترقی و خوشحالی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ دونوں ملکوں کے پارلیمان کے مابین مضبوط روابط دوطرفہ تعلقا ت میں مزید استحکام کا باعث ہونگے ۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار چین کی بین الاقوامی ترقی کے وزیر مسٹر سونگ تاؤکی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات اور ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا پاکستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہم ہے اور گوادر کے ذریعے وسطیٰ ایشیاء ، مشرق وسطیٰ کو یورپ تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے اور سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ خطہ اس وقت اہم سیاسی صو ر تحال سے گزر رہا ہے اور ایشیائی قیادت کو امن کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے تاکہ پائیدار امن کے ذریعے ایشیائی صدی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے ۔ سی پیک اس خواب کو حقیقت میں بدلنے اور خطے میں ترقی کا نیا باب شروع کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔ صا دق سنجرانی نے وفد کے اس دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا اعلیٰ سطح پر روابط اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ملکوں کی قیادت ترقیاتی عمل کو آگے بڑھنے میں انتہائی سنجیدہ ہے اور خطے میں ترقی و خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں ۔ سی پیک کی بدولت پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہو نگے اور چینی سرمایہ کاروں کو گوادر سمیت دوسرے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے چاہیں تاکہ بلوچستان سمیت ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جا سکے اور وہاں کی نوجوان نسل کو روزگار فراہم ہو اور ان کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے ۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر روابط کے استحکام میں یہ دورہ انتہائی اہم ثابت ہوگا ۔ انہوں نے چینی رہنما پر زور دیا کہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں گوادر میں منعقد ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں چین کا وفد چیئرمین این پی سی کی قیادت میں بھی اپنی شرکت یقینی بنائے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کو گوادر میں منعقد کرانے کا مقصد گوادر کی اہمیت اور مستقبل میں اس اہم شہر کے ذریعے ہونے والی تجارتی سرگرمیوں کے بارے میں وفود کو آگاہ کرنا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور چین کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کیلئے وفود کے تبادلوں پر زور دیا اور اس ضمن میں پاکستان کی پارلیمان اور چین کی پارلیمان میں پارلیمانی دوستی گروپ کو موثر بنانے پر زور دیا ۔چین کے وفد کے رہنما نے چیئرمین سینیٹ کے نقطہ نظر کو سراہا اور کہا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے اور دونوں ملکوں کے مابین اہم امور پر
ایک جیسا نقطہ نظر اس بات کی دلیل ہے کہ دونوں ملک تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔وفدنے پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں ایک پودا بھی لگایا ۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جس میں اراکین سینیٹ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ وفد نے سینیٹ کے ہال کا بھی دورہ کیا ۔
چیئرمین سینیٹ