شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، آغا سراج درانی
مٹیاری(این این آئی) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ دوسروں پر کیس ہوئے تو فرار ہوگئے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں جبکہ شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔مٹیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ آصف زرداری سمیت پیپلزپارٹی پر تیس سال سے کیس چل رہے ہیں، سارے کیس ختم ہوگئے تھے نیا کیس بنایا گیا جس کا سامنا کریں گے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پہلے بھی مقدمات کا سامنا کیا اب بھی کریں گے دوسروں پر کیس ہوئے تو وہ فرار ہوگئے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں، میں بھی گرفتار ہوا اور باعزت بری ہوا۔یہ کیس ہے یا احتساب، صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ یہ تو انہیں کو پتا ہے جو کیس کررہے ہیں، کسی کو ٹارگٹ نہیں کرنا چاہئے۔