پہلی بار کسی حکومت نے ضمنی الیکشن میں مداخلت نہیں کی ،فیاض چوہان
لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی چالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے ضمنی انتخابات میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی ،پی ٹی آئی کو جہاں شکست ہوئی ہے وہاں امیدوار کمزور تھے ۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں پولیس ، انتظامیہ، پٹواریوں، اساتذہ سمیت ہر سرکاری محکمے کو ساتھ ملا کر ضمنی انتخاب لڑتی تھیں ، ضمنی انتخاب کے حلقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہوتے تھے لیکن چالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ضمنی انتخابات کے موقع پر کرپٹ پریکٹسز نہیں کی گئیں اور اس پر عمران خان کی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے کئی دہائیوں سے چلی آنے والی گندی روایت کو توڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن حلقوں میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی ہے وہاں امیدوار کمزور تھے ،ایسا نہیں ہے کہ عوام کی جانب سے حکومت کی کارکردگی یا پالیسیوں پر عدم اعتماد کیا گیا ہے ۔
فیاض چوہان