آپریشن کے ذریعے زچگی سے ماں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، عالمی ادارہ صحت
جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ آپریشن کے ذریعے زچگی میں تیزی سے اضافہ زچہ و بچہ کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے، زچگی کے لیے آپریشن کے بجائے نارمل ڈیلیوی پر توجہ دی جائے۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق آپریشن کے ذریعے زچگی میں دگنا اضافہ ہوا ہے، 30 فیصد سے زائد نوزائیدہ بچے آپریشن کے ذریعے جنم لے رہے ہیں حالانکہ نارمل ڈیلیوری ایک قدرتی عمل ہے جس میں نقصان کا احتمال بھی نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ حمل کے دوران کسی قسم کی پیچیدگی پیدا ہونے کی صورت میں ہی ’سی سیکشن (زچگی کا آپریشن)‘ کی اجازت دی جاسکتی ہے جس میں بچہ جننے کے دوران خون کا زیادہ بہنا، بچے کا اکڑ جانا اور بچے کا درست جگہ پر نہ ہونا جیسے عوامل شامل ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق نارمل ڈیلیوری میں وقت زیاہ صرف ہونے اور ’درد زہ‘ کے باعث بغیر کسی طبی وجہ کے آپریشن کو معمول بنالیا گیا ہے حالانکہ اس سے اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں اور آپریشن کی وجہ سے ماں اور بچے کی صحت کو بھی شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔