عالمی بینک خیبر پختونخوا میں توانائی کے شعبہ کی ترقی کیلئے 200ملین ڈالرز معاونت فراہم کریگا
پشاور(این این آئی)عالمی بینک نے خیبرپختونخوا میں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے 200ملین ڈالرزکی مالی معاونت کی فراہمی پر اتفاق کرتے ہوئے پن بجلی کے 3منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔جس سے ایک طرف صوبے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی تودوسری طرف روزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کوسالانہ اربوں روپے کی آمدن بھی ہوگی۔ اس سلسلے میں عالمی بینک کے انرجی سپیشلسٹ لیڈر Dr. Rikard Liden اور سینئر انرجی سپیشلسٹ محمدثاقب کی سربراہی میں عالمی بینک کے مشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی سلیم خان،پیسکوچیف امجد علی خان،چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ،سیکرٹری سینئرممبربورڈآف ریونیوSMBRقیصرخان،جنرل منیجرہائیڈل انجینئربہادرشاہ اور ڈائریکٹرپیسکوحبیب خان مروت نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ عالمی بینک خیبرپختونخواکے ضلع اپر دیر اورسوات میں پن بجلی کے 3منصوبے پتراک شرینگل ہائیڈروپاورپراجیکٹ22میگاواٹ ،بریکوٹ پتراک ہائیڈروپاورپراجیکٹ47میگاواٹ اورگبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ88میگاواٹ کی تعمیر کے لئے 200ملین ڈالرزکی مالی معاونت فراہم کرے گا۔ان منصوبوں سے مجموعی طورپر157میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی جس سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہونے کے ساتھ ساتھ روزگارکے نئے مواقع بھی میسرآئیں گے۔پن بجلی کے تینوں منصوبوں کو2025تک مکمل کیا جائے گا۔