قومی ٹیم اس ماہ ایشین سنوکر ٹور ٹو میں شرکت کریگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم رواں ماہ چین میں شیڈول ایشین سنوکر ٹور ٹو میں شرکت کرے گی، ایونٹ 28 سے 31 اکتوبر تک کھیلا جائے گا جس میں بابر مسیح، محمد بلال اور حارث طاہر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بابر مسیح، محمد بلال اور حارث طاہر نے قطر میں منعقدہ پہلے ایشین سنوکر ٹور میں ملک کی نمائندگی کی تھی اسلئے یہی تینوں کیوئسٹس چین میں شیڈول ایشین سنوکر ٹور ٹو میں شرکت کے اہل ہیں۔پی بی ایس اے کے صدر منور شیخ نے بتایا کہ تینوں کیوئسٹس باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں، امید ہے کہ کیوئسٹس ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین نتائج کے ساتھ وطن لوٹیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال نے قطر میں منعقدہ پہلے ایشین سنوکر ٹور ون میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔