پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آخری ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ (کل)منگل سے ابو ظہبی میں شروع ہوگا۔پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دئیے جانے کا امکان ہے،دوسرے ٹیسٹ سے قبل دونوں ٹیموں کی سخت پریکٹس جاری ہے،دونوں ٹیموں کے مابین ابتک مجموعی طو ر پر 63 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جس میں کینگروز نے 31جبکہ گرین شرٹس نے 14میچز میں کامیابی حاصل کی اور 18میچزبغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ (کل)منگل کو شیخ زید سٹیڈیم ابو ظہبی میں شروع ہو گا ۔ اس سے قبل کھیلا گیا پہلامیچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔دونوں ٹیموں کی جانب سے سیریز میں کامیابی کیلئے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے باہمی ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے ۔ دونوں ٹیموں کے مابین مجموعی طو ر پر 63میچز کھیلے گئے جس میں کینگروز نے 31جبکہ گرین شرٹس نے 14میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 18بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوئے۔ دوسری جانب اس بات کے روشن امکان ہیں کہ آسٹریلیا کے خلاف شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دے گی۔فخر زمان ایشیا کپ میں بری طرح ناکام ہوئے تھے جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر میر حمزہ پہلی بار پاکستان کے لیے انٹر نیشنل میچ کھیلیں گے۔پاکستانی ٹیم دوسرا ٹیسٹ کھیلنے دبئی سے ابوظہبی پہنچ چکی ہے فخر زمان پریکٹس کیلئے گراؤنڈ پہنچے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی امام الحق کی جگہ اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد حفیظ کریں گے جبکہ آٹ آف فارم فاسٹ بولر وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ لیں گے۔وہاب ریاض نے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 11اوورز میں 39رنز اور دوسری اننگز میں16اوورز میں 42رنز دیے تھے لیکن دونوں اننگز میں وہ وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔ ایشیا کپ کی ناکامی کے باوجود انتظامیہ فخر زمان کو ٹیم کے ساتھ رکھ رہی ہے۔26سالہ میر حمزہ کا تعلق کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ سے ہے اور وہ پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔ تاہم وہ 56 فرسٹ کلاس میچز میں 278 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔حسن علی اور فہیم اشرف کی موجودگی میں ٹیم انتظامیہ میر حمزہ کو اہمیت دے رہی ہے۔