بھارت کی ونڈیز کو آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست

بھارت کی ونڈیز کو آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حیدرآباد(اے پی پی)اومیش یاداو کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یک طرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا، کالی آندھی دوسری اننگز میں 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی، مہمان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی باؤلرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، یاداو نے 4 اور جدیجا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں میزبان بھارتی ٹیم نے 72 رنز کا ہدف دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان حاصل کیا۔ پرتھوی شاہ اور لوکیش راہول 33، 33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ اومیش یاداو نے کیریئر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں 10 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، اومیش یاداو میچ اور پرتھوی شاہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو حیدرآباد ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی ٹیم نے 308 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ریشبھ پانٹ 85 اور اجنکیا راہانے 75 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ہولڈر نے راہانے کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، راہانے 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسی اوور میں ہولڈر نے روندرا جدیجا کو بھی پویلین کی راہ دکھائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، 322 کے سکور پر بھارت کی ساتویں وکٹ گری جب پانٹ 92 رنز بنانے کے بعد گبرائل کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 367 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ایشون 35، کلدیپ یادیو 6 اور اومیش یاداو 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ہولڈر نے 5، گبرائل نے 3 اور ویریکن نے 2 وکٹیں لیں، ویسٹ انڈیز نے 56 رنز خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 6 کے سکور پر دونوں اوپنرز کریگ بریتھویٹ اور کیرن پاویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، اومیش یاداو اور ایشون نے دونوں اوپنرز کو آؤٹ کر کے کالی آندھی کی بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اسطرح بھارت کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 72 رنز کا ہدف ملا، شے ہوپ 28، ہٹمائر 17، ایمبرس 38، روسٹن چیس 6، ڈورچ صفر، کپتان جیسن ہولڈر 19 ویریکن 7 اور گبرائل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان پورا کیا، لوکیش راہول اور پرتھوی شاہ 33، 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔