کوشش کریں حکومتی اقتصادی پالیسیوں سے عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے ، وزیراعظم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز،این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے حکومت کو ہدایت جاری کی ہیں کہ کوشش کریں کہ حکومتی پالیسیوں سے عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے،عوام کیلئے کام کررہے ہیں عام آدمی کا معیاربڑھنا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت غریب اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے تحفظ کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ٗتاجر برادری کی جانب سے سامنے آنے والی آراء ، سرمایہ کاروں کی کشش کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ اسد عمر نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ،حسین داؤد، علی ایس حبیب، بشیر محمد، عارف حبیب، میاں عبداللہ، طارق سہگل، خرم مختار، فواد احمد مختار، طارق سلمان شاہ، ڈاکٹر اشفاق حسن خان اور دیگرموجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان سے بڑی کاروباری شخصیات اور اقتصادی ماہرین نے ملاقات کی جس میں موجودہ اقتصادی صورتحال اور معیشت کی ترقی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسد عمر نے آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی، ماضی میں آئی ایم ایف سے لئے گئے قرضوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال پر بریف کیا۔دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مشیر تجارت نے برآمدات بڑھانے سے متعلق اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کی کمزور معیشت کو سنبھالا دینے کی کوشش کر رہی ہے، کوشش کریں کہ حکومتی پالیسیوں سے عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔