نوازشریف شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث ووٹ نہ ڈال سکے
لاہور ( نمائندہ خصوصی ،کامرس رپورٹر،نیوز رپورٹر)سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اپنا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نیب کے پاس ہونے کی وجہ سے ووٹ نہ ڈال سکے،سابق وزیراعظم اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ کے مقررہ وقت ختم ہونے سے کچھ منٹ قبل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ پولنگ اسٹیشن پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،نوازشریف کی گاڑی پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور شیر آیا ،شیر آیا کے نعرے لگائے، گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے میاں نوازشریف نے کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کا جواب دیا۔سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اپنی والدہ، صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرنے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 میں ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تھے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرتے ہوئے نواز شریف کی آمد پر پولنگ سٹیشن کے دروازے بند کر دئیے گئے اور عام ووٹروں کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا۔تاہم سابق وزیراعظم کے پاس شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی غیر موجودگی کی وجہ سے انھیں ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا گیا۔ نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ اس وقت قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہے۔واضح رہے کہ اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان مدمقابل ہیں، این اے 124 میں عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے نشست چھوڑنے کی وجہ سے اس حلقے میں ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔
ووٹ نہ ڈالا