اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری کا قتل،کرکٹر گوتم گمبھیر اور عمر عبداللہ میں تلخ جملوں کا تبادلہ

اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری کا قتل،کرکٹر گوتم گمبھیر اور عمر عبداللہ میں تلخ ...

سرینگر ،نئی دہلی (مانٹیرنگ ڈیسک)اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوان ڈاکٹر منان وانی کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں موت پر جموں اور کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کے درمیان سوشل میڈیا پر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کر کٹر نے عمر عبداللہ سمیت دیگر سیاستدانوں کو ڈاکٹر منان وانی کے مبینہ طور پر دہشت گردوں سے تعلق کا ذمہ دار قرار دیا۔دوسری جانب کشمیر ی سیاستدان اور سابق وزیراعلیٰ کشمیر عمر عبداللہ نے نہ صرف بھارتی کرکٹر کی تنقید کا جواب دیا بلکہ بھارت کو کشمیری نوجوان کی موت کا ذمہ دار بھی قرار دیا،ادھر کشمیر کے مقامی حریت رہنماؤں نے بھارتی کرکٹر کی کشمیر کے حوالے سے غلط معلومات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔گوتم گمبھیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ منان وان کی ہلاکت ٗہم نے ایک دہشت گرد اور بنیاد پرست کو ختم کردیا، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، آئی این سی انڈیا اور بی جے پی فار انڈیا اس بات پر شرمندہ ہیں کہ انہوں نے کس طرح ایک نوجوان کو کتاب سے دور کرکے اس کے ہاتھ میں گولی تھما دی جس کے جواب میں عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کیا کہ یہ شخص بمشکل ہی نقشے پر ڈاکٹر منان کا ضلع یا اس کا گاؤں تلاش کرسکتا ہے تاہم انہیں یہ معلوم ہو چکا ہے کشمیر میں ایک نوجوان نے کس طرح ہتھیار اٹھائے۔عمر عبداللہ کے مطابق گوتم گمبھیر اسی طرح کشمیر کے بارے میں کم جانتے ہیں جیسا کہ کرکٹ کے بارے میں میری معلومات ہیں اور میں اس بارے میں کچھ نہیں جانتا جس پر گوتم گمبھیر نے عمر عبداللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو نقشوں کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ آپ نے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کی بات کی۔اس پر عمر عبداللہ نے گوتھم گمبھیر کو مخاطب کیا اور یاد دلایا کہ کس طرح ان کے ساتھیوں کو قتل کیا گیا 1988 سے اب تک میرے ایک ہزار سے زائد کارکنوں اور رہنماؤں کو قتل کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب آپ کے پاس کشمیر کے حوالے سے معلومات مکمل ہوں تب ہی بحث کیلئے آگے آئیں اور اس وقت تک آپ کو کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔بعد ازاں گوتم گمبھیر نے عمر عبداللہ کو مخاطب کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ یہ آپ سمیت تمام سیاستدانوں کا مسئلہ ہے کہ جب انہیں آئینہ دیکھایا جاتا ہے تو وہ برا مان جاتے ہیں۔11 اکتوبر 2018 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان اور پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر منان وانی اور عاشق حسین زرگر کو شہید کردیا تھا۔

گوتم گمبھیر

مزید : صفحہ اول