گڈانی شپ یارڈ ،ناکارہ جہاز میں آتشزدگی، 7 افراد زخمی
حب /کراچی(اسٹاف رپورٹر)گذانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے ناکارہ جہاز میں خوفناک آتشزدگی نے 7 مزدوروں کو جھلسا دیا، زخمیوں میں تین کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق حب علاقے گڈانی میں واقع شپ یارڈ میں کھڑے ناکارہ جہاز میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس کی زد میں آکر کئی مزدور جھلس گئے۔پولیس کے مطابق خوفناک آتشزدگی ناکارہ جہاز میں کے آئل ٹینکر میں کٹنگ کے دوران ہوئی تھی جس نے کام کرنے والے مزدوروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔پولیس کے مطابق افسوس ناک حادثے میں جھلسنے والے 7 مزدوروں میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔آتشزدگی میں جھلسنے والے تین مزدوروں کو طبی امداد کے لیے کراچی پہنچادیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ حب فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے ناکارہ جہاز کے آئل ٹینکر میں لگی آگ پر طویل جدوجہد کے بعدقابو پایا۔