پہلی بار ضمنی الیکشن میں بیرون ملک مقیم پاکستانی انتخابی عمل کا حصہ بنے

پہلی بار ضمنی الیکشن میں بیرون ملک مقیم پاکستانی انتخابی عمل کا حصہ بنے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ضمنی انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس ضمنی انتخاب میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انٹرنیٹ ووٹنگ ہورہی ہے۔ 35 حلقوں میں 7364 سمندرپار پاکستانیوں نے انٹرنیٹ ووٹنگ کے تحت اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔انٹرنیٹ ووٹنگ کے لئے ووٹرز کو پہلے ہی پاس کوڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ای میل کے ذریعے یہ پاس کوڈز جاری کئے ہیں۔ اب تک نصف کے قریب 3422 آئی ووٹرز نے انٹرنیٹ کے ذریعے بیرون ملک گھر بیٹھے ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے اور انہیں پہلے بطور ووٹر رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔الیکشن حکام نے بتایا کہ سمندر پار 7،364پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کیے گئے ہیں جن میں سے اب تک بیرون ملک مقیم 4000 سے زائد پاکستانی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔ سمندرپار پاکستانی اپنا ووٹ پاکستانی وقت کے مطابق ہی کاسٹ کرسکیں گے۔الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے سے متعلق طریقہ کار کے لیے ٹاسک فورس کی آئی ووٹنگ رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے مرکزی شکایات سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دی۔ڈی جی نے بتایا کہ بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت ملی جس پر انہیں معلومات فراہم کی گئیں۔

انتخابی عمل

مزید : کراچی صفحہ اول