مراد علی شاہ کی 50گاڑیوں کے قافلے میں سیہون ، آمد ریکارڈ توڑ دیئے
سیہون (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ان سے کام نہیں ہوگا یہ یوٹرن پارٹی ہے، ملک میں بہت بڑی تبدیلی آچکی ہے بھینسیں فروخت ہو رہی ہیں اور گاڑیاں تلاش کی جا رہی ہیں۔ وہ اتوارکوسیہون کے گاؤں بوبک میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ قبل ازیں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ 50 گاڑیوں کے شاہانہ قافلے میں سیہون پہنچے، قافلے میں 3 اضلاع کی 12 پولیس موبائل اور انتظامی مشینری کے افسران کی 20 سے زائد گاڑیاں شامل تھیں۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ جب سیہون پہنچے تو آگے پیچھے 50 سے زائد گاڑیاں ان کے پروٹوکول میں شامل تھیں، انتظامیہ نے وزیر اعلی کو پروٹوکول دینے میں اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ۔قافلیمیں شامل 50 گاڑیوں میں سیہون، بھان ، سعید آباد اور دادو تھانے کی 12 موبائلیں، دادو ، جامشورو اور حیدرآباد کی اہم انتظامی مشینری کے افسران کی بھی 20 سے زائد گاڑیاں قافلے میں موجود تھیں۔میڈیا سے بات چیت میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پر عوام کو تعجب ہو سکتا ہے لیکن ہمیں نہیں ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی ہونا چاہئے، لیکن قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ضمنی انتخابات سے قبل گرفتاری اچھی بات نہیں ہے۔