انڈونیشیا میں سکول پر مٹی کا تودہ گرنے سے 12طلبا سمیت 27افراد جاں بحق
سماٹرا(آئی این پی ) انڈونیشیا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کے نتیجے میں 12 طلبا سمیت 27 افراد جاں بحق،اسکول اور رہائشی مکانات تباہ ہوگئے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سونامی کے بعد انڈونیشیا کے صوبے سماٹرا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ صوبے سماٹرا کے جنوبی جزیرے میں سیلابی ریلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ایک گاوں میں مٹی کا تودہ ایک اسکول پر گرنے سے اسکول کے 12 طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے اسکول کے ملبے میں پھنسے 17 بچوں کو بحفاظت نکال لیا۔ بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب اسی صوبے میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 29 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ تباہ ہونے والے گھروں سے 11 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ دو لاشیں ایک کار سے ملیں جو سیلاب میں بہہ گئی تھی۔ اسی طرح دو لاشیں سڑک کنارے ملی تھیں۔سیلاب کے باعث تین پل بھی منہدم ہوگئے جس کی وجہ سے گاوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا جب کہ سڑکوں پر کیچڑ پھیل جانے کی وجہ سے ذرائع نقل و حمل بند ہیں جس سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔