چین کا بلند ترین شمسی بجلی گھر مکمل طور پر فعال ہوگیا
بیجنگ (آئی این پی ) چین میں غریب لوگوں کی مدد کے لئے سطح سمندر سے نہایت بلندی پر تعمیر کیا جانے والاشمسی بجلی گھر مکمل طور پر فعال ہوگیا ، چین کے ریاستی گرڈ کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے اس بجلی گھر نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین میں یہ اپنی طرز کا منفرد منصوبہ ہے جو چین کے صوبہ چھنگ ہائی کی ما ٹو کاونٹی کے سطح مرتفع پر واقع ہے۔یہ اس وقت چین میں سطح سمندر سے سب سے اونچاشمسی بجلی گھر ہے جس کا مقصد مقامی غریب لوگوں کی امداد کرنا ہے۔ صوبہ چھنگ ہائی کے گو لو تبت قومیت خوداختیار پریفیکشر کی ما ٹو کاونٹی سطح سمندر سے اوسطا چار ہزار پانچ سو میٹر بلند علاقے پر واقع ہے جو بنی نوع انسان کیلیے مشکل ترین ماحول کے حامل علاقوں میں شامل ہے۔مذکورہ شمسی بجلی گھر سطح سمندر سے چار ہزار دو سو نوے میٹر کی بلندی پر قائم ہے جس پر کل تین کروڑ بیس لاکھ ڈالرکے اخراجات ہوئے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق اس بجلی گھر سے سالانہ اڑسٹھ لاکھ کلوواٹ فی گھنٹہ بجلی پیدا ہوگی ۔سالانہ چالیس لاکھ یوان سے زیادہ کی آمدنی ہوگی جو ماٹو کاونٹی میں غریب لوگوں کی مدد کے لیے استعمال کی جائیگی۔