پی سی بی نے وسیم اکرم اور مصباح الحق کو بڑی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کر لیا، وزیراعظم نے ایسا کام کر دیا کہ ہر پاکستانی خوش ہو جائے گا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کیلئے سابق کپتان وسیم اکرم اور مصباح الحق کے نام سرفہرست ہیں جبکہ 70 اور 80 کی دہائی کے کرکٹرز کو بھی اس کمیٹی میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی میں شامل کئے جانے والے ناموں کیلئے پیٹرن وزیراعظم عمران خان سے مشاورت مکمل کر لی ہے جن میں وسیم اکرم اور مصباح الحق کے نام سرفہرست ہیں اور ان پر مکمل اتفاق بھی کر لیا گیا ہے جبکہ کمیٹی میں 70 اور 80 کی دہائی کے کرکٹرز کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق کپتان انتخاب عالم بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل ہونے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے حال ہی میں پی سی بی کو تجویز دی تھی کہ کرکٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ کیلئے بہت ضروری ہے اور پاکستان کرکٹ میں مینجمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی ڈومیسٹک کرکٹ میں پچ سے لے کر پاکستان کرکٹ کے تھنک ٹینک کو بہتر بنانے کے معاملات پر بھی بہترین انداز میں کام کر سکتی ہے۔