قیمتوں میں اضافہ تحریک انصاف کو کم ووٹ پڑنے کی بڑی وجہ بنا :ہمایوں اختر خان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک اانصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ قیمتوں میں اضافہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو کم ووٹ پڑنے کی بڑی وجہ بنا، میں نے عمران خان سے درخواست کی تھی کہ قیمتوں میں ابھی اضافہ نہ کیا جائے ، قیمتوں میں اضافہ ضمنی انتخابات میں ہمیں نقصان پہنچائے گا ۔
دنیا نیوز کے پر وگرام”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم نے بڑی سرگرم انتخابی مہم چلائی اور ہمارا مسئلہ یہ تھاکہ ڈیفنس سے ہمارا ووٹر نہیں نکلا اور اس کی وجہ بنیادی طور پر یہ ہے کہ لاہور کی بنیادی سطح پر تحریک انصاف کی پارٹی تنظیم نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں الیکشن جیتنے کے حوالے سے بڑا پر اعتماد تھا لیکن ہمیں قیمتوں میں اضافے کے خلاف خاموش ووٹر نے مار دی ہے ، میرے حلقے میں تحریک انصاف باہر سے آئی ہے اور انہوں نے بڑی اچھی انتخابی مہم چلائی ، کچھ لوگ وزیر بن چکے تھے وہ انتخابی مہم نہیں چلا سکتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خصوصی طور پر جاکر وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کی تھی کہ تھو ڑا سوچ لیا جائے اور قیمتوں میں ابھی اضافہ نہ کیا جائے، کیونکہ قیمتوں میں جو اضافے ہورہے ہیں یہ ہم کو نقصان پہنچائیں گے ، یہ سب سے بڑی وجہ ہے اور میں پارٹی چیئر مین سے درخواست کرتا ہوں کہ بہت جلدی لاہور کی سطح پر پارٹی تنظیم بنائی جائے ، ہمارے لئے بہت ضروری ہے کہ ہم لاہور میں پارٹی کومضبوط بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے ساتھ بڑی لڑائی لڑی ہے اور اپنی جگہ بنائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ نہ پڑنے کی سب سے بڑی وجہ قیمتوں میں اضافہ ہے ۔