ترکی نے امریکہ کے منہ پر زوردار طمانچہ ماردیا۔۔۔ ایسا کیا کیا؟ چھوٹی سی بات مگر امریکہ کو بہت بُری لگے گی

ترکی نے امریکہ کے منہ پر زوردار طمانچہ ماردیا۔۔۔ ایسا کیا کیا؟ چھوٹی سی بات ...
ترکی نے امریکہ کے منہ پر زوردار طمانچہ ماردیا۔۔۔ ایسا کیا کیا؟ چھوٹی سی بات مگر امریکہ کو بہت بُری لگے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

انقرہ(نیوز ڈیسک) کوئی بھی ملک نہیں چاہے گا کہ سپر پاور امریکا سے سینگ لڑائے لیکن ترکی نے امریکا کو دُکھ دینے کا انتہائی دلچسپ انداز اختیار کر لیا ہے، یعنی براہ راست اسے کچھ کہے بغیر ہی تکلیف کا ساماں پیدا کر دیا ہے۔ دارلحکومت انقرہ میں امریکا کا نیا سفارتخانہ تعمیر ہو رہا ہے، اور جس شاہراہ پر یہ سفارتخانہ تعمیر ہو رہا اس کا نام ایک ایسی شخصیت کے نام پر رکھ دیا گیا ہے جسے امریکا میں انتہائی متنازع سمجھا جاتا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق امریکی سفارتخانے والی شاہراہ کا نام ”میلکم ایکس روڈ“ رکھ دیا گیا ہے، جو یقیناً امریکیوں کو پسند نہیں آئے گا مگر وہ اس سلسلے میں بے بس ہیں۔ یہ نام سفارتخانے کے ایڈریس کا لازمی حصہ بن جائے گا اور اس کی تمام تر خط و کتابت میں بھی لازمی طور پر اس کا استعمال ہو گا۔
میلکم ایکس امریکی تاریخ کی انتہائی متنازع شخصیت ہیں۔ وہ سیاہ فام امریکی مسلمان تھے جنہوں نے انسانی حقوق کے لئے ایک بڑی تحریک چلائی۔ ایک دنیا انہیں انسانی حقوق کا ہیرو سمجھتی ہے مگر سفید فام امریکی انہیں اپنا سخت مخالف سمجھتے ہیں کیونکہ وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے سیاہ فام اقلیت پر سفید فام اکثریت کے مظالم کا اس طرح کھل کر پردہ فاش کیا اور اس کے خاتمے میں بھی غیر معمولی کردار ادا کیا۔
صدر رجب طیب اردوان کے ترجمان ابراہیم کالن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شاہراہ کا نام مشہور سیاہ فام مسلم انسانی حقوق کارکن میلکم ایکس کے نام پر رکھ دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں انقرہ میونسپل اسمبلی نے متفقہ فیصلہ کیا، جبکہ اس سے پہلے ترک صدر کی جانب سے بھی اس ضمن میں حکم نامہ جاری کیا جاچکا تھا۔
قبل ازیں امریکہ کے ایک دورے کے موقع پر ترک صدر میلکم ایکس کی بیٹیوں سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر میلکم ایکس کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نسل پرستی کے خلاف جنگ کی علامت ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی ترکی کی جانب سے مختلف سفارتخانوں سے متعلقہ سڑکوں کے نام سیاسی پیغام کے طور پر تبدیل کئے جاتے رہے ہیں۔ مثال کے طور پر جب متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کی جانب سے عثمانی ترک کمانڈر فخرالدین پاشا پر تنقید کی گئی تو ترکی نے اُس سڑک کا نام عثمانی ترک کمانڈر کے نام پر رکھ دیا جس پر اماراتی سفارتخانہ واقع ہے۔ موجودہ امریکی سفارتخانے کی سڑک کا نام فروری میں ”آلیو برانچ روڈ“ رکھا گیا تھا۔ ”آلیو برانچ“ شام میں کرد ملیشیا، جسے امریکی حمایت حاصل ہے، کے خلاف شروع کئے گئے ترک فوجی آپریشن کا نام ہے۔