عوام سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف نے ان کے ساتھ دھوکا کیا :قمر زمان کائرہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجہ عوام دلائی ہوئی امیدیں بنیں، عوام سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف نے ان کے ساتھ دھوکا کیا ، تحریک انصاف نہ عوام کواچھی حکومت دے سکی اور ناہی اچھی ٹیم ، ماضی کی حکومتوں کوگالیاں دینے کے سواکچھ نہیں کیاگیا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو نقصان پہنچنے کی بڑی وجہ حکومت کا ر ویہ تھا ، تحریک انصاف نے لوگوں کوبڑی امیدیں دلائی تھیں اور انتخابی مہم میں کہا کرتے تھے کہ ہم آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے اور ایساکرنے کی بجائے خود کشی کرلیں گے ۔یہ کہا کرتے تھے کہ ہم ایسے اقدامات کریں گے جس سے ہر ماہ ایک ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا اس لئے اب تک دو ارب ڈالر کا فائدہ ہوجانا چاہئے تھا ، ہمار ا حکومت سے اختلافات یہ ہے کہ یہ اپنے بیانیے کے خلاف جارہے ہیں ۔ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی اچھی حکمت عملی یہ رہی کہ انہوں نے جے یو آئی ف اور پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی ۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں تحریک انصاف کی طرف سے طاہر صادق کو راضی کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راضی نہیں ہوئے جس کافائدہ مسلم لیگ ن کوہوا ۔ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی بڑی وجہ وہ امیدتھی بنی جو پی ٹی آئی نے لوگوں کودلائی ہوئی تھی کہ ہم ایک اچھی حکومت اور اچھی ٹیم دیں گے لیکن یہ نہ اچھی حکومت دے سکے ہیں اور نا ہی اچھی ٹیم دے سکے ہیں اور ماضی کی حکومتوں کوگالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے لوگوں نے محسوس کیاہے کہ تحریک انصاف نے ہمار ے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔