وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، حکومتی وڈیرے نے اپنی زمین سیراب کرنے کیلئے 16ارب کاڈیم بنا لیا:فیصل واڈا کا انکشاف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے انکشاف کیاہے کہ سندھ میں ایک حکومتی وڈیرے نے اپنی 12ہزار ایکٹرزمین کوسیراب کرنے کیلئے 16ارب کا ڈیم بنا لیاہے ، صوبوں میں پانی چوری روکنے کیلئے اٹھارویں ترمیم سے بلیک میل نہیں ہونگا ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمن نہیں ہوں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ تحریک انصاف کی اچھی بات یہ ہے کہ ہم نے حکومت میں ہوتے ہوئے ضمنی الیکشن میں کوئی مداخلت نہیں کی ، اس سے یہ بھی پتہ چلتاہے کہ ہم نے عام انتخابات میں بھی کوئی دھاندلی نہیں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آئیڈیالوجی واضح ہے اور ہمایوں اختر کے ہارنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ نظریاتی نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک عمران خان کی سوچ کا تعلق ہے تو وہ ایک لیڈر کی سوچ ہے اور لیڈر کی سوچ اپنی ہوتی ہے ، عمران خان نے اپنی زندگی میں بہت سے لوگوں کو آزمایا ہے جس کی ایک مثال کرکٹ میں وسیم اکرم ہیں جو آج پاکستان کے ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی بہت دھیمی ہے اور میں اس سے مطمن نہیں ہوں ۔انہوں نے کہا کہ صوبوں میں پانی چوری روکنے کے حوالے سے میں اٹھارویں ترمیم سے بلیک میل نہیں ہونگا ۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک وڈیرے کی بارہ ہزار ایکٹر زمین کو سیراب کرنے کیلئے 16ارب کا ڈیم بنایا گیاہے ۔