پیپلز پارٹی کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتی ، ناز بلوچ نے واضح کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتی ، ہم نے احتجاج کی بات کی ہے ، تصادم کی بات نہیں کی ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“میں گفتگو کرتے ہوئے ناز بلوچ نے کہا کہ جس طرح تحریک انصاف کاچارحلقے کھولنا جمہوری حق تھا ، اسی لئے مولانا فضل الرحمان کا بھی جمہوری حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے خلاف بولنا حکومت کوجچتا نہیں ہے ، یہ وہی مولانا فضل الرحمان ہیں جن کو وزیر اعظم کیلئے عمران خان نے ووٹ دیا تھا ۔
ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کاحسن تو یہ ہے کہ حکومت پانچ سال پورے کر ے لیکن جب عوام کا جینا محال ہوجائے اور ایک وقت کی روٹی ملنا بھی مشکل ہوجائے ، ادویات مہنگی ہوجائیں تو پھر حکومت کے پاس باقی رہنے کا کیا جواز رہ جاتاہے ؟انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتی ، ہم نے احتجاج کی بات کی ہے ، تصادم کی بات نہیں کی ہے ۔