شہر قائد میں کتوں کا راج، سب انسپکٹر سمیت 23 افراد کو زخمی کردیا

شہر قائد میں کتوں کا راج، سب انسپکٹر سمیت 23 افراد کو زخمی کردیا
شہر قائد میں کتوں کا راج، سب انسپکٹر سمیت 23 افراد کو زخمی کردیا

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں آوارہ اور پاگل کتوں نے خوف و دہشت پھیلادی، شام 4 بجے سے آدھی رات تک 23 افراد کو زخمی کرکے عباسی شہید ہسپتال پہنچادیا جہاں دوائی ہی موجود نہیں ہے۔

شہر قائد میں بڑھتے ہوئے سگ گزیدگی کے واقعات نے نہ صرف شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا بلکہ سائیں سرکار کی کارکردگی کی بھی پول کھول دی۔ شہر میں شام 4 بجے سے آدھی رات تک مختلف علاقوں میں 23 افراد کتوں کا شکار بنے ہیں جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں پاگل کتے کے کاٹنے کے باعث ایک سب انسپکٹر سمیت 12 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ علاقے میں پاگل کتے کی موجودگی کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ پاگل کتے کی علاقے میں موجودگی کی اطلاع کے بعد رینجرز اور پولیس نے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔

آر ایم او عباسی شہید ہسپتال ڈاکٹر جہانزیب کے مطابق شام 4 بجے سے اب تک 23 افراد کو ہسپتال لایا جاچکا ہے جن میں سب سے زیادہ زخمی ایف سی ایریا سے آئے ہیں۔ ڈاکٹر جہانزیب نے بتایا کہ شہری یا سندھ حکومت کی طرف سے ادویات نہیں دی گئیں اس لیے کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے افراد دوائی باہر سے لے کر آئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 8 برس سے عباسی شہید ہسپتال میں کتے کے کاٹنے کی دوائی موجود نہیں ہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی