پارک لین کیس، آصف زرداری کی مشکلات میں اضافہ،سابق ڈائریکٹر ایس ای سی پی جاوید حسین وعدہ معاف گواہ بن گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا،پارک لین کیس میں سابق ڈائریکٹر ایس ای سی پی جاوید حسین وعدہ معاف گواہ بن گیا۔عدالت نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پارک لین کیس کی سماعت ہوئی ،نیب نے سابق ڈائریکٹر ایس ای سی پی جاوید حسین کو عدالت میں پیش کردیا، نیب حکام نے عدالت کوبتایا کہ ملزم جاوید حسین پارک لین کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے اورملزم کا کیس ہیڈ کوارٹر میں بھیجا ہوا ہے،نیب نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لیے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ کو کتنے روز ہو گئے ہیں؟۔ نیب حکام نے عدالت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ کو49روز ہو گئے۔ عدالت نے نیب کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے ملزم جاوید حسین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔