’ڈنڈا بردار فورس‘کیساتھ اپوزیشن کا احتجاج جمہوری اور پر امن نہیں ہوسکتا:چوہدری محمد سرور

’ڈنڈا بردار فورس‘کیساتھ اپوزیشن کا احتجاج جمہوری اور پر امن نہیں ...
’ڈنڈا بردار فورس‘کیساتھ اپوزیشن کا احتجاج جمہوری اور پر امن نہیں ہوسکتا:چوہدری محمد سرور

  



کھاریاں(ڈیلی پاکستان آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ’’ڈنڈا بردار فورس ‘‘کیساتھ اپوزیشن کا احتجاج جمہوری اور پر امن نہیں ہوسکتا، کوئی شک نہیں کہ اپوزیشن کے احتجاج کا ایجنڈہ انتشار اور فساد کے سواکچھ نہیں،ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں مجبوری کے تحت جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ میں ساتھ دیں گی،سعودی عرب اور ایران کے در میان کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار کو پوری دنیا سر ہا رہی ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت ہم صرف پاکستان ہی نہیں خطے اور دنیا میں بھی امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

المدثر سپیشل ایجوکیشنل کمپلکس'' انٹرنیشنل وائٹ کین سیفٹی ڈے'' کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نےکہا کہ اپوزیشن کی مختلف جماعتوں نے تحر یک انصاف کی موجودہ حکومت کے دور میں پنجاب سمیت دیگرصوبوں میں احتجاجی جلسے اور ریلیاں نکالیں ہیں مگر حکومت نے کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت میں احتجاج کر نا ہر سیاسی جماعت اور عوام کا جمہوری اور آئینی حق ہے،اب بھی اگر اپوزیشن جمہوری اندار میں احتجاج کر یں تو ہمیں اس پر اعتراض نہیں مگر پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ جے یوآئی (ف) نے اپنی ڈانڈا بردار فورس تیار کر لی ہے اور جے یوآئی (ف) کے قائدین اس فورس سے سلامی بھی لے رہے ہیں،مجھے بتایا جائے یہ کون سی جمہوریت اور کونسا جمہوری احتجاج ہے؟۔گورنر نے کہا کہ امن وامان اور عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ،انشاء اللہ اس کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کر نیوالوں کے خلاف قانون ہر صورت حرکت میں آئیگا۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کوئی بھی اپوزیشن جماعت دل سے جے یوآئی کے ایجنڈے کو سپورٹ نہیں کر رہی وہ سب اپنی ذاتی اور سیاسی مجبوری میں احتجاج اور مارچ میں انکا ساتھ دیں گےمگر اپوزیشن جماعتوں کو چاہیےوہ ذاتی وسیاسی مفادات کی بجائے ملکی اورقومی مفادات کو تر جیح دیں ورنہ قوم اور تاریخ انکو کسی صورت معاف نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا کہ27اکتوبر کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف پورے ملک میں بھارت کے خلاف یوم احتجاج منایا جائیگا،اپوزیشن کو بھی چاہیے وہ ضد چھوڑ دیں اور کشمیر یوں کے حق میں اور بھارت کے خلاف احتجاج کریں۔

تقریب سےخطاب کےدوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نےکہا کہ سپیشل افراد ہماری توجہ کے سپیشل حقدار ہیں،میں سمجھتاہوں کہ صرف حکومت ہی نہیں مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ سپیشل بچوں کیلئے تعلیم اور صحت سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کر یں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ دنیا میں بڑی دولت اور بڑے عہدے والے لوگ نہیں بلکہ وہ لوگ ہی ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہتے ہیں جو انسانیت کیلئے کام کرتے ہیں،المدثر سپیشل ایجوکیشنل کمپلکس سپیشل بچوں کیلئے جو کام کر رہا ہے اسکی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /گجرات