نوکریو ں کے لیے حکومت کی طرف نہ دیکھنے کے بیان پر فواد چودھری خود بھی میدان میں آگئے ،وضاحت کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہ دیکھنے کے بیان پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خود ہی میدان میں آگئے ،سوشل میڈ یا پر وضاحت جاری کردی ۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیران ہوں ہر بیان کو کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے، کہا تھا نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا تھا کہ یہ بات صحیح نہیں ہے کہ ہر شخص سرکاری نوکری کی طرف دیکھے ،یہاں اس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں فراہم کرے ،حکومت تو 400سو محکمے ختم کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہر شخص نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف دیکھنا شر وع کردے تو معیشت کا فریم ورک بیٹھ جائے ،دنیا میں حکومتیں سکڑ رہی ہیں،نوکریاں فراہم کرنا نجی سیکٹر کا کام ہے ۔فواد چودھری نے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا ضروری ہے کہ نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہ دیکھیں ،یہ 70کی دہائی کی سوچ تھی کہ نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف دیکھا جاتا تھا ۔