پولیس تشدد سے جاں بحق صلاح الدین کو انصاف نہ مل سکا

پولیس تشدد سے جاں بحق صلاح الدین کو انصاف نہ مل سکا
پولیس تشدد سے جاں بحق صلاح الدین کو انصاف نہ مل سکا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

رحیم یار خان (ڈیلی پاکستان آن لائن)پولیس کے ہاتھوں مقتول ہونیوالے صلاح الدین کوانصاف نہ مل سکا ، مقتول کے والد نے دو مطالبا ت منظور ہونے کے عوض پولیس سے صلح کرکے معاف کردیا ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق پولیس تشدد سے جاں بحق ہونیوالے صلاح الدین کے والد نے مقدمہ واپس لیکر ڈپٹی کمشنر کی موجود گی میں پولیس کومعاف کرنے کا اعلان کردیا ۔مدعی کی طرف سے تین پولیس اہلکاروں کو معاف کرنے کی تقریب گاﺅں گورالی کی مسجد میں ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر ، اسٹنٹ کمشنر اور دیگر افراد نے شرکت کی ۔
اس موقع پر حکومت کی جانب سے مقتول صلاح الدین کے والد کے تین مطالبات میں سے دو مطالبات تسلیم کرلئے گئے جن میں ایک چارکلومیٹر سڑک کی تعمیر اور دوسرا گاﺅں کوگیس کی فراہمی شامل ہے ۔

خیال رہے کہ فیصل آباد میں اے ٹی ایم مشین توڑ کر اس میں سے کارڈ چرانے اور سکیورٹی کیمروں کی جانب منہ چڑانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد رحیم یار خان پولیس نے 31 اگست کو ذہنی مریض صلاح الدین کو رحیم یار خان سے گرفتار کیا تھا۔ حراست کی پہلی ہی رات مبینہ پولیس تشدد کے باعث صلاح الدین کا انتقال ہوگیا تھا۔ پولیس تشدد کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں صلاح الدین نے پولیس والوں سے سوال پوچھا تھا کہ انہوں نے تشدد کرنا کہاں سے سیکھا ہے۔