احمد شہزاد کی دھواں دار بیٹنگ، سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

احمد شہزاد کی دھواں دار بیٹنگ، سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی
احمد شہزاد کی دھواں دار بیٹنگ، سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

  



فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل ٹی 20 کپ کے پانچویں میچ میں سینٹرل پنجاب نے احمد شہزاد کی دھواں دار 111 رنز ناٹ آﺅٹ اننگز کی بدولت ناردرن کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جا رہے میچ میں ناردرن کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ جارح مزاج آصف علی نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب کے باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا اور صرف 35 گیندوں پر 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں عمر امین نے 38، نوید ملک نے 2، محمد نواز نے 50، عماد وسیم نے 22 اور سہیل اختر نے 2 رنز بنائے۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 44 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ وقاص مقصود، نسیم شاہ اور عثمان قادر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کی دھواں دار 111 رنز کی اننگز کی بدولت مقررہ ہدف 20 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ احمد شہزاد نے 63 گیندوں پر 13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم نے 4، کامران اکمل نے 6، رضوان حسین نے 20 ، عمر اکمل نے 10، سعد نسیم نے 29، فہیم اشرف نے 28 اور ظفر گوہر نے 5 رنز بنائے۔

ناردرن کی جانب سے عماد وسیم سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 38 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے جبکہ سہیل تنویر نے 2 اور حارث رﺅف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سینٹرل پنجاب کی قیادت عماد وسیم نے کی اور دیگر کھلاڑیوں میں نوید ملک، عمر امین، روحیل نذیر، محمد نواز، آصف علی، شاداب خان، سہیل تنویر، حارث رﺅف، محمد عامر اور سہیل اختر شامل ہیں جبکہ اضافی کھلاڑیوں میں علی عمران، زید عالم، حماد اعظم اور حیدر علی کو رکھا گیا ہے۔

ناردرن ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی اور دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، رضوان حسین، کامران اکمل، عمر اکمل، ظفر گوہر، سعد نسیم، فہیم اشرف، وقاص مقصود، عثمان قادر اور نسیم شاہ شامل ہیں جبکہ اضافی کھلاڑیوں میں علی شاہ، بلال آصف، احمد بشیر اور سلمان بٹ کو رکھا گیا ہے۔

مزید : کھیل