ایران سعودی مصالحت کیلئے سہولت کاری،وزیراعظم عمران خان ریاض پہنچ گئے
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان ایران سعودی عرب مصالحت کیلئے سہولت کاری کا مشن لیکر ریاض پہنچ گئے ہیں۔ گورنر ریاض فیصل بن بندر بن عبد العزیز نے ریاض شاہ خالد ایئر پورٹ پر وزیر عظم عمران خان کااستقبال کیا ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق وزیراعظم عمران خان روزہ دورہ پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سیّد ذوالفقار بخاری بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجہ علی اعجاز بھی وزیر اعظم کے استقبال کیلئے سعودی حکام اور سفارت خانے کے دیگر افسران کے ساتھ موجود تھے ۔
وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتوں میں انھیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی اور صدر حسن روحانی سے ہونیوالی ملاقاتوں کے بارے میں بریف کریں گے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ پاکستان کا سعودی عرب اور ایران میں مذاکرات کیلئے میزبانی کی پیشکش بھی کرچکا ہے ۔
واضح رہے کہ ا س سے قبل دورہ ایران کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خلیجی ممالک کو کسی فوجی تنازع سے بچانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ خلیجی ممالک میں تمام فریقین بات چیت کے ذریعے مسائل کوحل کیا جائے ۔