ایجو کیشن راؤنڈاپ 

ایجو کیشن راؤنڈاپ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اقامت گاہوں کے شب و روز
تعلیمی اداروں کے کھل جانے سے رونقیں لوٹ آئیں 

صوبائی دارالحکومت اور پنجاب کے دیگر شہروں میں یونیورسٹیز، کالجز اور تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد ہنستے مسکراتے چہروں کی بدولت رونقیں واپس لوٹ آئی ہیں۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد مختلف سطحوں پر داخلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کو ننکانہ صاحب میں قائم ہونے والی گورونانک یونیورسٹی کی وائس چانسلر شپ کا اضافی چارج دیا گیا۔
……٭……٭……٭……
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ایک قدیم ترین اور معروف و ممتاز ادارہ ہے لیکن گزشتہ 27سال میں یہاں طلباء و طالبات کے لئے کوئی نیا ہوسٹل قائم نہیں کیا گیا جس سے اقامتی ضروریات پوری ہو سکیں۔ حال ہی میں علامہ اقبال کی رہائش گاہ اقبال ہوسٹل میں پروفیسر ڈاکٹر اقبال شاہد کو وارڈن مقرر کیا گیا ہے۔ قائداعظم ہوسٹل کے وارڈن پروفیسر صدیق اعوان ہیں۔ نیو ہوسٹل کے وارڈن پروفیسر ڈاکٹر سلطان شاہ ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں میں یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن ہوسٹلوں میں کمرے اس تعداد کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ سب سے زیادہ گورنمنٹ کالج کو خود مختاری ملی اور بعدازاں یونیورسٹی کا درجہ تعلیمی اخراجات اور ہوسٹلوں کے واجبات میں بے پناہ اضافہ کیا جاتا رہا ہے اب کوئی بھی باصلاحیت اور لائق طالب علم وسائل کے نہ ہونے کے باعث گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں نہ تو تعلیم حاصل کر سکتا ہے اور نہ ہی اقامتی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ جی سی یو کے تمام ہوسٹل اعلیٰ روایات کے حامل ہیں اور ان ہوسٹلوں میں نہ صرف غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاتا ہے بلکہ طلباء و طالبات کی شخصیت کی نشوونما بھی ہوتی ہے۔ تمام ہوسٹلوں سے علمی و ادبی مجلات اور رسائل کا اجرا بھی کیا گیا ہے اقبال، پطرس اور قائد کے عنوان سے علمی و ادبی مجلے باقاعدگی سے شائع ہوتے رہے ہیں پاکستان کی اعلیٰ ترین شخصیات زمانہء طالب علمی میں ان ہوسٹلوں میں اقامت پذیر رہی ہیں۔
……٭……٭……٭……
گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڈ لاہور کا شمار صوبائی دارالحکومت کے اعلیٰ معیار کے تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے حال ہی میں شعبہ معاشیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اکرم نے ادارے کے پرنسپل کا چارج سنبھالا ہے جبکہ پروفیسر توقیر سلیم خان کو وائس پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔ شعبہ فلسفہ میں ڈاکٹر قیصر محمود، گورنمنٹ کالج شیخوپورہ سے تبدیل ہو کر بطور پروفیسر و صدر شعبہ فلسفہ مقرر ہوئے ہیں۔ وہ ایک طویل عرصہ جی سی یونیورسٹی میں بھی تدریسی فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔ گورنمنٹ کالج آف سائنس اپنے وسیع رقبے اور کھیلوں کی گراؤنڈز کے لحاظ سے ایف سی کالج کے مقابلے کا ادارہ ہے اور یہاں کے بیشتر اساتذہ اس سے قبل جی سی یو، ایف سی کالج اور دیگر اعلیٰ معیار کے اداروں میں تدریسی فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔ ملکی سطح کی بے شمار شخصیات سائنس کالج کی فارغ التحصیل ہیں۔ ایک طویل عرصہ پروفیسر اعزاز احمد خان اس کالج کے پرنسپل رہے جبکہ زمانہ ء ماضی میں پروفیسر ایم اے سعید ڈاکٹر مجید اعوان،ڈاکٹر میاں محمد انور، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر اصغر چودھری، پروفیسر زاہد بٹ، ڈاکٹر عبدالقیوم لودھی، ڈاکٹر افتخار بیگ، پروفیسر ڈاکٹر اختر پرویز، پروفیسر امتیاز احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر طارق عزیز، جعفر بلوچ، پروفیسرعبدالجبار شاکر، پروفیسر ڈاکٹر طاہر یعقوب، انیس اکرام فطرت، پروفیسر رانا جہانگیر، ریاض الطاف، ڈاکٹر ریاض قدیر، پروفیسر قاضی اکرام بشیر، ڈاکٹر رانا ذوالفقار علی، پروفیسر آغا حیدر، حامد مسعود بٹ، تنویر صادق جیسے معروف اساتذہ یہاں تدریسی اور انتظامی فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔
……٭……٭……٭……

مزید :

ایڈیشن 1 -