ادارے اپنی سمت بدلیں‘ماضی میں جو ہوا اسے نہ دہرائیں، پرویز  رشید

  ادارے اپنی سمت بدلیں‘ماضی میں جو ہوا اسے نہ دہرائیں، پرویز  رشید

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)مسلم لیگ (ن)کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ ادارے اپنی سمت بدلیں اور ماضی میں جو ہوا اسے نہ دہرائیں، گرفتاریوں سے تاریخ کا سفر نہیں رُکتا،حکومت نے سیاسی کارکنوں کو اجتماعات میں شرکت سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال شروع کر دیا ہے پیپلز موومنٹ کے زیراہتمام لاہورہائی کورٹ بار میں جمہوریت کا سفر اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کررہے تھے،تقریب سے پاکستان بارکونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی، پاکستان بارکونسل ایگزیکٹوکمیٹی کے چیئرمین اعظم نذیرتارڑ،پاکستان پیپلز موومنٹ کے چیئرمین سید منظور گیلانی،نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ،اے این پی کے سابق سیکرٹری احسان وائیں اور پی ڈی ایم کے رہنما سید نوبہار شاہ سمیت متعدد رہنماؤں نے خطاب کیا،پرویز رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ گناہ کو مقدس لبادہ اوڑھا کر پیش کیا جاتا ہے جب پردہ اٹھتا ہے تو اس سے بدبو آتی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ادارے اپنی سمت تبدیل کریں  ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اجتماع کرے، سچ ہر حال میں بولنا چاہیے اور آج کا سچ گوجرانوالہ میں بولا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی کارکنوں کو اجتماعات سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ جو یہ سمجھتے ہیں کہ گرفتاریوں اور کنٹینرز رکھنے سے تاریخ کا سفر رک جاتا ہے تو ان کی بھول ہے۔ گوجرانوالہ کا جلسہ ہو گا، جو راستہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں ان کو ناکام بنایا جائے گا۔ پاکستان بار کے وائس چیئرمین عابد ساقی نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت آج کل طاقتور لوگوں کے غلبے کا نام ہے ہمیں فیصلہ کن جمہوریت کی طرف بڑھنا ہوگا،اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ جمہوریت ہی قانون کی حکمرانی کا حقیقی راستہ ہے سیدمنظورگیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وقت آگیاہے کہ ڈوریاں ہلانے والے واپس چلے جائیں دیگر مقررین نے کہا کہ صرف سیاسی ایشوز کی بنیاد پر اتحاد بنانا ہی کافی نہیں بلکہ ہمیں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ایک مکمل سماجی،معاشی اور اصلاحی پروگرام دینا پڑے گاجو اس ملک کو بحران سے نکال سکے۔

پرویز رشید

مزید :

صفحہ آخر -