مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں پر مزید توجہ دینے کے لیے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ مصباح الحق 30 نومبر تک اس عہدے پر کام جاری رکھیں گے کیونکہ نئے چیف سلیکٹر یکم دسمبر سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔مصباح الحق 19 اکتوبر کو زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کااعلان کرنے کے ساتھ ساتھ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی اسکواڈ کا انتخاب بھی کریں گے۔اسی طرح نئے چیف سلیکٹر کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔مصباح الحق نے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو گزشتہ ہفتے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران اسلام آباد میں اپنے فیصلے سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے دونوں عہدوں کی ذمہ داری کو خوب انجوائے کیا تاہم گزشتہ 12 ماہ کاجائزہ لینے اور آئندہ 24 ماہ میں متوقع ورک لوڈ کو دیکھتے ہوئے وہ یہی مناسب سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں اور توجہ اب صرف ایک عہدے پر ہی خرچ کریں کہا کہ وہ گزشتہ چند عرصے سے دو عہدوں سے متعلق غوروفکر کررہے تھے، نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر اور کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچز کے ساتھ گزشتہ دو ہفتوں میں کی گئی ملاقاتوں کے سلسلے نے بھی اس میں میری بہت رہنمائی کی پریس کانفرنس میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ زیادہ تر بیرون ملک ہونے کی وجہ سے دوہری ذمہ داری مشکل ہوتی ہے اس لئے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا ہے، زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کی ٹیمیں منتخب کروں گا اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داری 30 نومبر تک نبھاتا رہوں گا، بورڈ سے اختلافات ہیں اور نہ ہی کسی کھلاڑی سے کوئی اختلاف ہے میری نظریں اگلے دو برس کی کمٹمنٹ پر ہیں، ہمارا سب سے بڑا ہدف تینوں فارمیٹس میں پاکستان کو نمبر ون ٹیم بنانا ہے دوسری جانب کستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ پی سی بی مصباح الحق کی چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کھلے دل سے قبول کرتا ہے،پاکستان کو آئندہ 24 ماہ میں 3بڑے ایونٹس میں شرکت کرنی ہے جس میں 2 ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021 شامل ہیں،نئے چیف سلیکٹر کی مشاورت کے ساتھ سلیکشن کے معیار پر نظرثانی کرناچاہیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی مصباح الحق کی چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کھلے دل سے قبول کرتا ہے، جب ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ان کی تقرری کررہے تھے تو ہم اْن حالات میں یہ چاہتے تھے کہ وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سنبھالیں۔