بزم شاکر کی پروفیسر ڈاکٹر اقبال نابینا کے اعزاز میں تقریب
لاہور(سٹی رپورٹر)پروفیسر داکٹر اقبال نابینا کے اعزاز میں مجوزہ پی ایچ اے اسپرانتو ں لائبریری پارک ڈی بلاک فیصل ٹاؤن کے باہر بزم شاکر نے ایک شام کا اہتمام کیا۔رکن انتظامی کمیٹی لائبریری صدر محمد جمیل بھٹی نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں کنوینر لائبریری شاہد بخاری ایڈوکیٹ، پروفیسر بشیر قادری،پروفیسر محمد اکرم و دیگر معززین نے شرکت کی اور پروفیسرڈاکٹر اقبال نابینا کی شخصیت ان کی خدمات کے حوالے سے گفتگو کی جبکہ شرکاء نے محفل میں ان کے اعزاز میں شاعرانہ کلام پیش کئے۔شاہد بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ میری رائے میں ڈاکٹر اقبال نابینا ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ ایک ادارہ،ایک جذبہ،ایک تحریک کا نام ہے جس نے کم عمری میں آنکھوں کی بینائی کھونے کے باوجود بھی ہمت نہیں ہاری۔گورنمنٹ کالج لاہور کے پروفیسر بشیر قادری نے کہا کہ ڈاکٹر اقبال نابینا کی تاریخ و ادب پر گہری نظر ہے اس لئے ان کے اداریوں میں حق گوئی اور بیباکی کا مظاہرہ ہے۔ایک جملے میں وہ باتیں کہہ جاتے ہیں جنہیں بیان کرنے کے لئے دوسروں کو صفحے درکار ہوتے ہیں۔پروفیسر محمد اکرم نے ڈاکٹر اقبال نابینا کی شاعری پر مسبوط مقالہ پڑھتے ہوئے کہا کہ ان کا کلام ہمہ جہت اور ان کی شخصیت کا آئینہ دار بھی ہے یوں معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے بصارت کی قربانی دے کر بصیرت کی راہیں پا ئی ہیں،جان ملٹن اور ہیلن کیلر کی طرح ان کے کلام کی بہت سی جہتیں ہیں۔کلمات صدارت محمد جمیل بھٹی نے کہا کہ میرے والد بھی ڈاکٹر اقبال کی صلاحیتوں کے معترف تھے۔ ان کے اعزا ز میں منعقدہ تقریب کی صدارت ایک اعزاز ہے۔